13 اگست 2015 - 13:21
فلسطینی عوام کا صیہونی مظام کے خلاف احتجاج

فلسطینیوں نے صیہونیت مخالف مظاہرہ کر کے اسرائیل کے جرائم کی مذمت کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فلسطین کے اطلاع رسانی کے مرکز کی رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں نے مقبوضہ فلسطین کے شہر عسقلان میں جمعرات کے روز صیہونیت مخلاف مظاہرہ کر کے فلسطینی قیدیوں پر اسرائیلی مظالم و جرائم کی مذمت کی- فلسطینیوں نے عسقلان میں "برزیلائی" اسپتال کے سامنے مظاہرہ کر کے، کہ جہاں ایک فلسطینی قیدی محمد علان کو داخل کیا گیا ہے، صیہونی حکومت کی جیلوں سے محمد علان اور دیگر فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا- رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے مظاہرین پر حملہ کر کے ان کو منتشر کیا- ادھر انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں اور بیت المقدس کے سات فلسطینی قیدیوں نے فلسطینی قیدی محمد علان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے جمعرات کو دوسرے دن بھی اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھی- فلسطینی قیدی محمد علان نے تقریبا" دو ماہ سے بھوک ہڑتال کر رکھی ہے اور اس وقت وہ اسپتال میں داخل ہیں- محمد علان کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے اور کسی بھی وقت ان کی شہادت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے- فلسطینی قیدیوں کے امور کی کمیٹی کے ڈائریکٹر رائد عامر نے محمد علان کی تشویش ناک حالت کا ذمہ دار صیہونی حکومت کو قرار دیا ہے- واضح رہے کہ اس وقت چھے ہزار سے زیادہ فلسطینی قیدیوں کو صیہونی حکومت کی جیلوں میں بہت سخت حالات کا سامنا ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲